بھٹکل 10/جولائی (ایس او نیوز)آر ایس ایس رضاکار شرتھ پر جان لیوا حملے اور اس کے بعد شرتھ کی موت سے تعلق رکھنے والی فرقہ وارانہ کشیدگی میں پیش آئے مسلم نوجوان پر قاتلانہ حملے کے ملزمین کو منگلورو سی سی بی پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتار شدہ ملزمین کی شناخت نتین پجاری (۱۲سال)،پرانیش پجاری (۰۲سال)،کشن پجاری(۱۲سال) کے طور پر کی گئی ہے۔گرفتار شدگان میں ملزم نتین پجاری اور پرانیش پجاری کے بارے میں بتایا جاتاہے کہ دونوں پر پہلے سے منگلورو دیہی پولیس اسٹیشن میں کریمنل معاملات درج ہیں۔
ساجد نامی نوجوان پر اڈیا ر پالاو کے قریب قاتلانہ حملہ 7جولائی کو اس وقت پیش آیا تھا جب وہ اپنے دوست نوفل کے ساتھ قریبی کینٹین سے چائے پی کر نکلاتھا اور اپنے بائک پر سوار ہونے جارہا تھا۔ اس وقت تین اجنبی نوجوان ان کے قریب پہنچے اور اپنی بائک میں پٹرول ختم ہوجانے کی بات کہتے ہوئے ان سے تھوڑا سا پٹرول مانگنے لگے۔جب کیرالہ سے تعلق رکھنے والے اور منگلورو میں انجینئرنگ کے طالب علم ساجد(۳۲سال) اورنوفل ان کو پٹرول دینے کے لئے آگے بڑھے تو ان اجنبیوں نے ان پر چاقو سے حملہ کردیا۔ یہ دیکھ کرنوفل وہاں سے بھاگ نکلنے میں کامیاب ہوگیا جبکہ ساجد حملے کی زد میں آگیا اور اس کے ہاتھ اور پیٹھ پر گہرے زخم آگئے۔اس کے بعدحملہ آور موقع سے فرار ہوگئے اور ساجد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیاگیا جہاں اس کا علاج اب بھی چل رہا ہے۔
سٹی کرائم برانچ پولیس کے بیان کے مطابق گرفتار شدہ ملزمین جو موٹر بائک حملے کے وقت استعمال کی تھی وہ ان کے قبضے سے برآمد کرلی گئی ہے۔اور ملزمین کو اگلی کارروائی کے لئے گاڑی سمیت منگلورو دیہی پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے۔گرفتاری کی یہ مہم پولیس کمشنر ٹی آر سریش کے احکامات اورڈی سی پی شانتاراجو اور ہیمنت رایا کی نگرانی میں اے سی پی ویلنٹائن ڈیسوزا اورسنیل نائک کی ٹیم نے انجام دی ہے۔